یوم عاشور پر بڑے شہروں میں موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ

Decision to shut down mobile service in major cities on Ashura Day
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پنجاب حکومت نے یوم عاشور پر لاہور سمیت بڑے شہروں میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام کو موبائل فون سروس کی بندش کا اطلاق ذوالجناح کے جلوسوں کے روٹس پر ہو گا۔

صوبے کے مزید شہروں کے ناموں کی بھی فہرست طلب کر لی گئی ہے۔ موبائل فون سروس ان مقامات پر بند رکھی جائے گی جو شہر کے حساس علاقے ہیں۔

لاہور میں یوم عاشور کے جلوس کے روٹس اور گردونواح میں موبائل فون سروس بند کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق لاہور کے دیگر علاقوں میں موبائل فون سروس بحال رہے گی۔

ملتان، راولپنڈی، فیصل آباد، جھنگ، بہاولپور، رحیم یار خان، اٹک، ڈی جی خان سمیت متعدد بڑے اضلاع میں بھی موبائل فون سروس بند ہوگی۔