"رضوانہ کےجسم پر تشدد کے 93 نشانات ہیں،گرم چمٹوں سے داغا گیا، 6 ماہ تشدد ہوتا رہا،کمر پر 13 انچ کا زخم ہے"

لاہور : نگران وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جاویداکرم نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے جج   کی اہلیہ کے ہاتھوں مبینہ تشدد کا شکار بچی رضوانہ کے جسم پر  تشدد کے93 نشانات ہیں  اور اس  کی کمر کو چمٹوں سے جلایا گیا ہے۔

لاہور میں  میڈیاسےگفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرجاویداکرم نے کہا کہ رضوانہ کیس میں ابھی پیچیدگیاں ہیں، 6 ماہ رضوانہ پر تشدد ہوتا رہا، سوال ہے 6 ماہ سے اس کےگھروالوں نےحال کیوں نہیں پوچھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم کس طرح دوسرے رضوانہ کیسز روک سکیں گے، اپنے بچوں کو  کسی گھر میں بھی بھیجتے ہوئے اس گھرانے سے متعلق پوچھنا چاہیے، جب تنخواہ لینے جائیں تو اپنے بچوں کا احوال بھی پوچھ لیں۔

نگران وزیر صحت کا کہنا تھا کہ رضوانہ کےجسم پر93 زخم ہیں، وہ بہت صابر ہے، آج رضوانہ کی سرجری ہوئی، کمر پر 13انچ کازخم ہے، رضوانہ کی کمر کو چمٹوں سے جلایا گیا ہے، ہم اس کلی کو پھول بنائیں گے ۔ میرے لیے چیلنج ہے رضوانہ کووہ زندگی دوں جواپنی بچیوں کو دے رہا ہوں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں گھریلو تشدد کا شکار بچی گزشتہ کئی روز سے لاہور کے جنرل اسپتال میں زیر علاج ہے اور بچی کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف سمیت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق بھی نوٹس لے چکی ہے۔

دوسری جانب عدالت نے کمسن گھریلو ملازمہ رضوانہ پر تشدد کیس میں نامزد سول جج عاصم حفیظ کی اہلیہ صومیہ عاصم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔

مصنف کے بارے میں