کراچی میں مشتعل مظاہرین کا پولیس سٹیشن پر حملہ، 3 اہلکار زخمی

کراچی میں مشتعل مظاہرین کا پولیس سٹیشن پر حملہ، 3 اہلکار زخمی

کراچی: کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں مشتعل افراد نے ایک تھانے پر حملہ کرکے 3 پولیس اہلکاروں کو زخمی کر دیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ مظاہرین شاہ لطیف ٹاون تھانے کے باہر اپنے زیر حراست ساتھیوں کی رہائی کیلئے احتجاج کر رہے تھے، اس دوران کچھ مشتعل افراد نے حملہ کر دیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مشتعل مظاہرین کے ہاتھوں میں لاٹھیاں اور ڈنڈے تھے، انہوں نے پولیس سٹیشن پر حملہ کرکے اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ اس تشدد سے 3 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والے اہلکاروں کے نام رمضان وسیم، عبید بتائے جا رہے ہیں۔

تھانے پر حملے کی اطلاع اعلیٰ حکام کو دی گئی تو اس کا فوری ایکشن لیتے ہوئے مزید نفری کو وہاں بھیجا گیا۔

پولیس نے حملہ آوروں کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی جبکہ ان میں سے بعض پر لاٹھی چارج بھی کیا گیا، اس کے بعد صورتحال کنٹرول میں آ گئی۔

اطلاعات ہیں کہ پولیس کے ساتھ مدبھیڑ میں ایک شہری زخمی ہوا جبکہ تھانے پر حملہ کرنے کے الزام میں متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ادھر ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس کے لاٹھی چارج سے زخمی شہری اس وقت زیر علاج ہے اور اسے تمام ممکنہ طبی سہولیات دی جا رہی ہیں تاہم تینوں اہلکاروں کے زخم معمولی تھے، اس لئے انھیں ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔