آصف زرداری بھاری اکثریت سے دوسری بار صدر منتخب

آصف زرداری بھاری اکثریت سے دوسری بار صدر منتخب

اسلام آباد : حکمران اتحاد کے امیدوار آصف زرداری صدارتی انتخاب میں کامیاب ہو کر دوسری مرتبہ صدر مملکت منتخب ہو گئے۔ آصف زرداری کل ایوان صدر میں حلف اٹھائیں گے جس کے بعد وہ 14ویں صدر مملکت کی حیثیت سے عہدہ سنبھالیں گے۔
 

نیو نیوز کے مطابق صدارتی انتخاب میں پارلیمنٹ ہاؤس سے آصف زرداری کو 255ووٹ ملے۔ محمود اچکزئی 119ووٹ  حاصل کرسکے جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا۔

پنجاب اسمبلی سے آصف زرداری کامیاب
صدر کے انتخاب میں پنجاب اسمبلی سے حکمران اتحاد کے امیدوار آصف زرداری بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گئے۔حکمران اتحاد کے آصف علی زرداری نے پنجاب اسمبلی سے 246ووٹ حاصل کیے۔

 سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار محمود اچکزئی100ووٹ حاصل کر سکے۔ایوان میں آصف زرداری کو حاصل برتری پر پنجاب اسمبلی کا ہال جئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا۔

بلوچستان اسمبلی تمام ووٹ آصف زرداری کو ملے،اچکزئی کو ئی ووٹ نہ لے سکے


پریذائیڈنگ افسر جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا ہے کہ بلوچستان اسمبلی47 ووٹ آصف علی زرداری کے حق میں استعمال ہوئے۔

 ان کا کہنا تھا کہ کل 62 اراکین نے ووٹ کاسٹ کرنے تھے، تاہم 47 ارکان نے ووٹ کاسٹ کئے، جبکہ 15 ارکان غیرحاضر تھے۔ تمام ووٹ صحیح تھے، کوئی ووٹ مسترد نہیں ہوا، محمود خان اچکزئی کو بلوچستان سے کوئی بھی ووٹ نہیں ملا۔

سندھ اسمبلی: آصف زرداری کو 151، محمود اچکزئی کو 9 ووٹ ملے
سندھ اسمبلی میں حکومتی اتحاد کے صدارتی امیدوار آصف زرداری کو 151 ووٹ ملے۔سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود اچکزئی کو 9 ارکان اسمبلی نے ووٹ دیا۔

سندھ اسمبلی میں صدارتی انتخاب کے لیے 161 ووٹ کاسٹ ہوئے جبکہ ایک مسترد ہوا۔سندھ اسمبلی میں صدارتی نتائج کاحتمی اعلان پریذائیڈنگ افسرعقیل عباسی نے کیا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی سے محمود خان اچکزئی کو 91، آصف زرداری کو 17 ووٹ ملے


خیبرپختونخوا اسمبلی سے محمود خان اچکزئی کو 91 اور آصف علی زرداری کو 17 ووٹ ملے۔ مجموعی طور پر 109 ووٹ کاسٹ ہوئے جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا۔

جمعیت علماء اسلام نے صدارتی انتخابی عمل سے بائیکاٹ کیا اور ان کے 9 اراکین نے ووٹ نہیں ڈالا۔