شکارپور :شکارپور میں قومی شاہراہ پر تین غیر ملکی سیاحوں کو لوٹنے کے واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تھانے کے ہیڈ کانسٹیبل کو معطل کر دیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، جب تین غیر ملکی سیاح اپنے پاکستانی ڈرائیور کے ساتھ شکارپور سے روہڑی ریلوے اسٹیشن جا رہے تھے۔ راستے میں جھان خان کے قریب ڈاکوؤں نے گاڑی روک کر سیاحوں سے نقدی، موبائل فون اور لیپ ٹاپ چھین لیے۔
ڈاکوؤں نے سیاحوں کے پاسپورٹ اور بیگز بھی کھیتوں میں پھینک دیے، جو بعد میں برآمد کر لیے گئے۔ پولیس حکام کے مطابق سیاح کراچی سے سندھ کے تاریخی مقامات کا دورہ کرنے شکارپور پہنچے تھے۔
ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب کے مطابق واقعے کے بعد تھانے کے ہیڈ کانسٹیبل کو معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔