اداکار شریاس تلپڑے کے گھر 14 سال بعد ننھے مہمان کی آمد

اداکار شریاس تلپڑے کے گھر 14 سال بعد ننھے مہمان کی آمد
کیپشن: شریاس تلپڑے 14 سال بعد سروگیسی کے عمل کے ذریعے بچی کے باپ بن گئے ہیں۔۔۔فوٹو/ بشکریہ انڈین میڈٰیا

ممبئی: بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گرینڈ مستی، گول مال ، ہاؤس فل، اوم شانتی اوم جیسی مزاحیہ فلموں سے اپنی اداکاری کا لوہا منوانے والے معروف اداکار شریاس تلپڑے 14 سال بعد سروگیسی کے عمل کے ذریعے بچی کے باپ بن گئے ہیں۔

شریاس تلپڑے نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر نے ہمیں بچے کی پیدائش کا وقت اس ماہ کی 10 سے 12 کے اوسط کی تاریخ بتائی تھی اور اسی بات کا فائدہ اُٹھانے ہوئے ہم لوگ 2 تاریخ کو ہی ہانگ کانگ چلے گئے تاکہ 7 تاریخ تک واپسی ہو سکے تاہم 7 تاریخ کی شب ہانگ کانگ سے بھارت واپسی پر ہی ہمیں بچی کی پیدائش کی خوشخبری دی گئی۔

مزید پڑھیں: سیف علی خان کی بیٹی کی پہلی فلم 30 نومبر کو ریلیز ہوگی

شریاس تلپڑے نے مزید کہا کہ میری شادی 14 سال قبل ہوئی تھی اور میں اولاد کی نعمت سے محروم تھا تاہم جب سے یہ بچی ہماری زندگی میں آئی ہے میں بہت خوش ہوں اور بچی کے حوالے سے پرجوش بھی ہوں جب کہ دوستوں کی متعدد تجاویز کے باوجود میں اور میری اہلیہ نے اب تک بچی کا کوئی نام نہیں سوچا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران عباس کا ہالی ووڈ فلم سائن کرنے کا دعویٰ

واضح رہے کہ اس سے قبل بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان ،عامر خان ،اداکارہ سنی لیون، معروف ہدایتکار کرن جوہر سمیت متعدد فنکاروں کے گھر سروگیسی کے عمل کے ذریعے بچوں کی پیدائش ہو چکی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں