کرنسی نوٹس کا نیا ڈیزائن تیار نہیں کیا جا رہا، اسٹیٹ بینک

کرنسی نوٹس کا نیا ڈیزائن تیار نہیں کیا جا رہا، اسٹیٹ بینک
کیپشن: کرنسی نوٹس کا نیا ڈیزائن تیار نہیں کیا جا رہا، اسٹیٹ بینک
سورس: فائل فوٹو

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے سوشل میڈیا میں گردش کرنے والی ان رپورٹس کو مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ کرنسی نوٹس کا ڈیزائن تیار کیا جا رہا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ‘سوشل میڈیا پر کرنسی نوٹس کے نئے ڈیزائن کے حوالے سے جعلی خبریں چل رہی ہیں’۔

بیان میں کہا گیا کہ اسٹیٹ بینک اس خبر کی سختی سے تردید کرتا ہے اور واضح کرتاہے کہ اس وقت اس حوالے سے کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ ڈیزائن کی تصاویر بھی دی گئیں جس میں جعلی کا لفظ واضح طور لکھا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک نے ایک دہائی قبل پاکستانی کرنسی کا ڈیزائن تبدیل کیا تھا اور 25 جنوری 2010 کو 500 کا نوٹ جاری کیا گیا تھا جو سائز میں قدرے چھوٹا تھا۔

اس سے قبل فروری 2007 میں ایک ہزار کا نیا نوٹ جاری کیا گیا تھا اور اسی طرح مئی 2006 میں 5 ہزار کا نیا نوٹ متعارف کروایا گیا تھا، نومبر 2006 میں 100 روپے کا نیا نوٹ بھی جاری کیا گیا تھا۔

اسٹیٹ بینک نے جولائی 2008 میں 50 روپے کا نیا نوٹ بھی جاری کیا تھا اور اس سے قبل مارچ 2008 میں 20 روپے کا نوٹ اور مئی 2006 میں 10 روپے کا نیا نوٹ جاری کیا تھا۔