اقبال نے نوجوانوں کو اسلاف کی قربانیوں، عظمت رفتہ اور کھوئی ہوئی میراث سے روشناس کرایا: وزیراعظم

اقبال نے نوجوانوں کو اسلاف کی قربانیوں، عظمت رفتہ اور کھوئی ہوئی میراث سے روشناس کرایا: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مصور پاکستان ڈاکٹر علامہ اقبال نے نوجوانوں کو اسلاف کی قربانیوں ، عظمت رفتہ اور کھوئی ہوئی میراث سے روشناس کرایا ۔

یوم اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ شاعرمشرق نے امت کے نوجوانوں کو شاہین سے تعبیر دی ، آئیں، ہم خود سے سوال کریں، کیا واقعی ہم نے اقبالؒ کے پاکستان کی حفاظت کی ۔

ادھر، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبالؒ کا خودی کا تصور ملک کو ترقی دینے کیلئے مشعل راہ ہے ۔

ڈاکٹر عارف علوی نے شاعر مشرق کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقبال کے نظریات ، اقدار اور نئی سوچ نے کئی نسلوں کو متاثر کیا ۔ آج عہد کریں کہ اقبالؒ کی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالیں گے ۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں مصور پاکستان ، شاعر مشرق اور حکیم الامت علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کا آج 145واں یوم ولادت جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے ۔ اس موقع پر مزاراقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب ہوئی جس کے بعد پاک بحریہ کے جوانوں نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے جبکہ پاکستان رینجرز پنجاب کا دستہ اپنے فرائض سے سبکدوش ہو گیا ۔ اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور ساجد حسین تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ انہوں نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔

مصنف کے بارے میں