نگران وزیراعظم کا مراکش میں شدید زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر اظہار افسوس

نگران وزیراعظم کا مراکش میں شدید زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر اظہار افسوس
سورس: File


اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مراکش میں شدید زلزلے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر مراکش کی حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان مراکش کے بہادر عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑنے کہا کہ مراکش میں شدید زلزلے سے متاثر ہونے والوں کے لیے ہمارے دل دکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں مراکش کے لیے اتحاد اور حمایت کا ہاتھ بڑھاتا ہے۔

8b956ce8978246426267d5c54baa5f51

دوسری جانب نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے پاکستان میں تعینات مراکش کے سفیر محمد کرمون کو ٹیلیفون کر کےمراکش میں ہولناک زلزلہ سے قیمتی جانی و مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، مراکش کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں،پاکستانی قوم اور حکومت اس مشکل گھڑی میں مراکش کے زلزلہ متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مراکش کے عوام کو صحت کی سہولیات سمیت ہر ممکن مدد فراہم کریں گے، مراکش کے عوام کو اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے ہولناک زلزلہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

اسپیکر قومی اسمبلی و سابق وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف نے بھی  مراکش میں شدید زلزلے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کر تے ہو ئے کہا  کہ مشکل کی اس گھڑی میں برادر ملک مراکش کی عوام کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں ۔

اللّٰہ تعالٰی سے دعا کرتے ہیں کہ مسلم برادر ملک مراکش اور اس کی عوام کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔ پاکستانی پارلیمان، گورنمنٹ اور عوام مشکل کی اس گھڑی میں اپنے مراکشی بہن بھائیوں کی مدد کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں ۔ 

مصنف کے بارے میں