باغوں کا شہر لاہور آج پھر آلودہ ترین قرار

باغوں کا شہر لاہور آج پھر آلودہ ترین قرار

لاہور: پنجاب کے کئی علاقوں میں سموگ اورفضائی آلودگی کم نہ ہوسکی ۔ باغو ں کے شہر لاہور کو آج پھر آلودہ ترین قرار دے دیا گیا ۔ آلودگی میں دہلی دوسرے اور چینی شہر ووہان تیسرے نمبر پر رہا ۔ ماہرین صحت نے شہریوں کو غیر ضروری سفر کرنے سے منع کردیا ۔

تفصیلات کے مطابق فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور آج پھر پہلے نمبر پر ہے ۔ لاہور کا مجموعی ائر کوالٹی انڈیکس 369 ریکارڈ کیا گیا ۔ائر انڈیکس کے اعتبار سے  دہلی کا ائر کوالٹی انڈیکس 236 رہا جبکہ چینی شہر ووہان آلودگی میں تیسرے ویتنام کا شہر ہنوئی چوتھے نمبر پر رہا ۔

ماہرین صحت نےفضائی آلودگی کی وجہ سے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے اور غیرضروری سفر سے منع کردیا ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری فضائی آلودگی سے بچنے کے لئے ماسک کا استعمال لازم بنائیں موٹرسائیکل پر سفر کے دوران ہیلمٹ ضرور پہنیں  ۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ایسا موسم ناک آنکھ اور گلے کی کئی بیماریوں کا باعث ہوسکتا ہے لہذا شہری احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور پانی کا استعمال زیادہ کریں ۔

دوسری طرف محکمہ موسمیات کےپاس بھی فضائی آلودگی میں کمی کے بارے کوئی اچھی خبر نہیں ہے ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ  آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں لہذا بارش نہ ہونے سے اسموگ، فضائی آلودگی برقرار رہے گی جب کہ پنجاب میں آج اور کل موسم خشک اور سرد رہےگا ۔