اسلام آباد: پولیس کا احتجاج روکنے کیلئے کریک ڈاؤن، متعدد سرکاری ملازمین گرفتار

Islamabad: Police crackdown to stop the protests, arresting several employees
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں تنخواہوں میں اضافے کیلئے احتجاج کرنے والے متعدد سرکاری ملازمین کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ ملازمین کی جانب سے پتھراؤ جبکہ پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی۔

مشتعل مظاہرین نے اسلام آباد سیکرٹریٹ کا گیٹ توڑ دیا جس سے اندر محصور ملازمین باہر نکل آئے۔ اس موقع پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ ہوئی۔ مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ شروع کر دیا جس سے وہ پیچھے ہٹنے لگے تاہم مظاہرین کو منشتر کرنے کیلئے نئی حکمت عملی اپناتے ہوئے ان پر آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت شاہراہ دستور میدان جنگ کا منظر پیش کر رہا ہے۔ سرکاری ملازمین کی جانب سے وقتاً فوقتاً پولیس پر پتھراؤ کیا جا رہا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے صورتحال کو کنٹرول میں کرنے کیلئے شیلنگ کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ سرکاری ملازمین نے اعلان کیا تھا کہ اگر ان کی تنخواہیں نہ بڑھائی گئیں تو وہ حکومت کیخلاف بھرپور احتجاج کرینگے۔