خواجہ سرا نایاب علی اسلام آباد سے الیکشن لڑنے کیلئے اہل قرار

 خواجہ سرا نایاب علی اسلام آباد سے الیکشن لڑنے کیلئے اہل قرار

اسلام آباد: الیکشن ٹربیونل نے  خواجہ سرا نایاب علی کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کیخلاف اپیل خارج کردی 

اسلام آباد ہائیکورٹ کےلیکشن ایپلٹ ٹربیونل نے خواجہ سرا نایاب علی کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف اپیل پر آٹھ جنوری کو فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسٹس ارباب محمد طاہر نے آج محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا۔

اپیل پر سماعت کے دوران عدالتی معاونین نے کہا تھا کہ آئین اور الیکشن ایکٹ خواجہ سراؤں کو انتخابات میں حصہ لینے سے نہیں روکتا، ٹرانس جینڈر انتخابات میں حصہ لینے کے اہل ہیں۔آئین کے تحت الیکشن میں حصہ لینے والوں پر جنس کی بنیاد پر کوئی تفریق نہیں ہو گی، شریعت کورٹ نے بھی خواجہ سراؤں کے انتخابات میں حصہ لینے پر کوئی قدغن نہیں لگائی۔

معاونین نے کہا کہ خواجہ سرا اگر خواتین کی مخصوص نشستوں پر انتخاب لڑتا ہے تو اعتراض ہو سکتا تھا۔

 ایپلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس ارباب طاہر نے کہا کہ یہ بنیادی انسانی حقوق کا کیس ہے، انتخابات لڑنا ہر کسی کا حق ہے۔

بعد ازاں الیکشن ٹربیونل کے جسٹس ارباب طاہرنے نایاب علی کے  کاغذات نامزدگی  منظور کرنے کے آراو کے فیصلے کےخلاف اپیل مسترد کی اور خواجہ سرا کے کاغذات نامزدگی منظورکرنے سے متعلق ریٹرننگ افسرکا فیصلہ برقرار رکھا ۔

واضح رہے کہ ریٹرننگ افسر نے اسلام آباد کےحلقے این اے 46سے خواجہ سرا نایاب علی کے کاغذات منظور کیے تھےجس کو خواجہ سرا الماس بوبی نے  چیلنج کیا تھا۔

مصنف کے بارے میں