قومی اسمبلی میں نازیبا نعرے لگنے پر قمر زمان کائرہ کا شدید ردعمل

قومی اسمبلی میں نازیبا نعرے لگنے پر قمر زمان کائرہ کا شدید ردعمل

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے قومی اسمبلی میں نازیبا نعرے لگانے کی شدید مذمت کی ہے۔ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جو کچھ آج ایوان میں ہو رہا ہے وہ بالکل غلط ہے اور یہ صورتحال قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ انتخابی عمل ہمیشہ شفاف نہیں رہا۔

قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو مکمل سپورٹ کر رہی ہے کیونکہ حکومت نے مہنگائی میں کمی لانے اور معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ صدر مملکت کے خطاب کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر نے حکومت کو درست مشورے دیے ہیں۔

پانی کے بحران کے حوالے سے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ یہ ایک انتہائی حساس مسئلہ ہے، جس کے حل کے لیے فوری طور پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانا چاہیے تاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کی جا سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر بداعتمادی پیدا ہو رہی ہے، تو اسے دور کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جانے چاہیے۔