پارلیمنٹ کا کل ہونے والا مشترکہ اجلاس مؤخر

پارلیمنٹ کا کل ہونے والا مشترکہ اجلاس مؤخر
کیپشن: پارلیمنٹ کا کل ہونے والا مشترکہ اجلاس مؤخر
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کا کل ہونے والا مشترکہ اجلاس مؤخر کر دیا گیا ہے۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹ کہا کہ انتخابی اصلاحات ملک کے مستقبل کا معاملہ ہے اور ہم نیک نیتی سے کوشش کر رہے ہیں کہ ان معاملات پر اتفاق رائے پیدا ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ اتفاق رائے کے حوالے سے اسپیکر اسد قیصر کو اپوزیشن سے ایک بار پھر رابطہ کرنے کا کہا گیا ہے تاکہ ایک متفقہ انتخابی اصلاحات کا بل لایا جا سکے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کو اس مقصد کیلئے مؤخر کیا جا رہا ہے اور ہمیں امید بھی ہے کہ اپوزیشن ان اہم اصلاحات پر سنجیدگی سے غور کرے گی اور ہم پاکستان کے مستقبل کیلئے ایک مشترکہ لائحہ عمل اختیار کر پائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسا نہ ہونے کی صورت میں ہم اصلاحات سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے کلبھوشن و دیگر معاملات پر قانون سازی کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 11 نومبر کو طلب کیا تھا۔