حکومت نے ادارہ شماریات کو ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ جاری کرنے سے روک دیا

حکومت نے ادارہ شماریات کو ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ جاری کرنے سے روک دیا
کیپشن: حکومت نے ادارہ شماریات کو ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ جاری کرنے سے روک دیا
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ادارہ شماریات کو ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ جاری کرنے سے روک دیا۔

ذرائع کے مطابق کابینہ نے ادارہ شماریات کو ماہانہ رپورٹ جاری کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے بعد رواں ہفتے سے شماریات ڈویژن مہنگائی پرہفتہ وار رپورٹ جاری نہیں کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ فیصلے کے مطابق ادارہ شماریات مہنگائی پررپورٹ ماہانہ جاری کرے گا۔

اس کے علاوہ ذرائع کا کہنا تھا کہ سری لنکا میں مہنگائی سے متعلق اعداد وشمار کابینہ بریفنگ میں شامل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

گزشتہ ہفتے وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.67 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے بعد مہنگائی کی ہفتہ وارمجموعی شرح 15.21 فیصد ہو گئی ہے جب کہ کم آمدن والے افراد کے لیے مہنگائی کی شرح 16.43 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ٹماٹر اوسطاً 20 روپے 9 پیسے فی کلو اور چینی اوسطً 5 روپے 56 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی کا سلنڈر 77 روپے 96 پیسے مہنگا ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران گھی کی فی کلو قیمت 10 روپے 21 پیسے بڑھی ہے جب کہ انڈے 3 روپے 60 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے ہیں۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا4 روپے 71 پیسے مہنگا ہوا ہے۔ بیف کی قیمت میں اوسطاً 5 روپے 34 پیسے کا اضافہ ہوا ہے جب کہ آلو، مٹن، لہسن اورگڑ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تین اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے جب کہ 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام پایا گیا ہے۔