پنجاب میں کورونا سے زیادہ متاثرہ شہروں میں پابندیاں سخت کرنے کی تجویز

 پنجاب میں کورونا سے زیادہ متاثرہ شہروں میں پابندیاں سخت کرنے کی تجویز
کیپشن: پنجاب میں کورونا سے زیادہ متاثرہ شہروں میں پابندیاں سخت کرنے کی تجویز
سورس: فائل فوٹو

لاہور: کورونا کی تیسری لہر کی وجہ سے پنجاب کے زیادہ متاثرہ شہروں میں پابندیاں مزید سخت کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کابینہ کمیٹی برائے کورونا نے بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت اجلاس کو بتایا کہ اسپتالوں میں بیڈز کی تعداد کم پڑ رہی ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ لاہور میں کورونا مثبت کیسز 19 فیصد، سرگودھا اور فیصل آباد میں 17 فیصد، راولپنڈی اور رحیم یارخان میں 15 فیصد پر پہنچ گئے ہیں۔

کورونا کمیٹی نے بتایا کہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں کورونا سے 64 اموات ہوئیں اور مثبت کیسوں کی شرح 13 فیصد سے زائد رہی، لاہور سب سے زیادہ متاثر رہا۔

کمیٹی کی جانب سے کورونا سے زیادہ متاثر ہونے والے شہروں میں ایس او پیز  پر عمل درآمد مزید سخت کرنے کی تجویز  پیش کی گئی ہے، تجویز کل این سی او سی کے اجلا س میں پیش کی جائے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید 114 افراد اپنی جانیں گنوا بیٹھے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 15 ہزار 443 ہو گئی ہے۔ ملک بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 21 ہزار 18 ہو گئی ہے، 24 گھنٹے کے دوران 46 ہزار 66 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5 ہزار 50 افراد میں وائرس کا انکشاف ہوا ہے۔ ملک میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 73 ہزار 875 ہو گئی ہے۔ وبا سے متاثر 4143 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

صوبہ سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 2 لاکھ 68 ہزار 750، پنجاب 2 لاکھ 48 ہزار 438، خیبرپختونخوا 98 ہزار 301، بلوچستان میں 20 ہزار 241 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 65 ہزار 700، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 127 کیسز موجود ہیں جبکہ آزادکشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 14 ہزار 461 ہوگئی ہے۔

لاہور کے دو بڑے سرکاری اسپتال میو اور سروسز اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈز کورونا کے مریضوں سے بھر گئے اور دیگر اسپتالوں میں بھی گنجائش کم رہ گئی۔