پانی کے ضیاع سے متعلق آگاہی، محکمہ اوقاف کا سرکلر لاہور ہائیکورٹ میں پیش، سموگ کیس کی سماعت 16 اپریل تک ملتوی

پانی کے ضیاع سے متعلق آگاہی، محکمہ اوقاف کا سرکلر لاہور ہائیکورٹ میں پیش، سموگ کیس کی سماعت 16 اپریل تک ملتوی

لاہور : لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران محکمہ اوقاف نے پانی کے ضیاع سے متعلق جمعہ کے خطبات میں آگاہی دینے کے حوالے سے سرکلر عدالت میں پیش کر دیا۔

جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی اور متعلقہ محکموں سے رپورٹس طلب کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت 16 اپریل مقرر کی۔ محکمہ ماحولیات کی جانب سے نئے سروس اسٹیشنز پر پابندی کے حوالے سے پیش کیے گئے نوٹیفکیشن پر عدالت نے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس قسم کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔

عدالت نے پانی کے تحفظ سے متعلق شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا، اور گاڑیوں کو نالی کے ذریعے دھونے کی ممانعت و نگرانی کو مثبت قدم قرار دیا۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے ایم سی ایل اور ایل ڈی اے کو ہدایت دی کہ ری سائیکلنگ پلان کے بغیر کسی گھر کا نقشہ منظور نہ کیا جائے۔

مزید برآں، عدالت نے فیکٹریوں کے ویسٹ واٹر کو ٹریٹمنٹ کے بعد پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (P.H.A) کو فراہم کرنے کی تجویز دی، جبکہ ایل ڈی اے کے وکیل نے کمرشل خلاف ورزیوں کی مانیٹرنگ سے متعلق اقدامات سے عدالت کو آگاہ کیا۔