وفاقی کابینہ میں اہم تبدیلیاں، شیخ رشید کو وزیر داخلہ کا قلمدان دیدیا گیا

وفاقی کابینہ میں اہم تبدیلیاں، شیخ رشید کو وزیر داخلہ کا قلمدان دیدیا گیا
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے شیخ رشید احمد سمیت دیگر وزرا کے عہدوں کو تبدیل کر دیا ہے۔

نیو نیوز ذرائع کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو اہم ترین عہدہ دیتے ہوئے انھیں وفاقی وزیر داخلہ کا قلمدان دیدیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اس کے علاوہ وفاقی کابینہ میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے اعجاز شاہ کو وفاقی وزیر انسداد منشیات، اعظم سواتی کو وزیر ریلوے اور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو وفاقی وزیر خزانہ کا اہم عہدہ دیدیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی وزیر داخلہ اعجاز شاہ اور شیخ رشید احمد سے الگ الگ ملاقات کی۔ اعجاز شاہ ملاقات کے بعد وزیراعظم آفس سے چلے گئے لیکن شیخ رشید وہاں موجود رہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم کے معاون خصوصی اور مشیروں کو وفاقی کابینہ میں شمولیت اور بیٹھنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ عدالت عالیہ نے اپنے اہم فیصلے میں کہا تھا کہ یہ شخصیات صرف مراعات حاصل کر سکتے ہیں لیکن کوئی عہدہ نہ ہونے کی وجہ سے ان کو اہم میٹنگز میں شامل ہونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔