مریم نواز شریف کا سیاسی نقطہ نظر بارے دو ٹوک موقف سامنے آ گیا ، مکمل انٹرویو آج شام 7 بجے نیو نیوز پر نشر ہوگا

Maryam Nawaz, Shahbaz Sharif, Nawaz Sharif, Pakistan politics, PTI
کیپشن: فائل فوٹو

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کا سیاسی نقطہ نظر بارے دو ٹوک موقف سامنے آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ شہباز شریف جس طرح بات کرنا چاہتے تھے، اُس طرح بات نہیں ہو سکتی۔

نیو ٹی وی کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے انداز میں بات کرنے کی کوشش بھی کی گئی لیکن میں تو بات کرنے کے حق میں بھی نہیں ہوں۔ شہباز شریف کی طرح بات کرنے کو کمزوری سمجھا جاتا ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب ایک پیج نہیں رہا۔ دو، تین پیج بن چکے ہیں۔ ہم پی ڈی ایم جماعتوں سے توقع نہیں کرتے کہ وہ ہمارا بیانیہ لے کر چلیں۔ ہمارے بیانیے کا بوجھ اٹھانا سب کے بس کی بات نہیں ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ حکمران جماعت پی ٹی آئی سے مل کر چلنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ گلگت بلتستان کے انتخابات بارے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دیکھتے ہیں پیپلز پارٹی کتنی نشستیں جیت پاتی ہے۔

خیال رہے کہ مریم نوازکا مکمل انٹرویو آج شام 7 بجے ''نیو نیوز'' کے پروگرام، ''سیدھی بات، بینش سلیم کے ساتھ" میں نشر ہوگا۔

خیال رہے گزشتہ روز گلگت میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام ان حکمرانوں اور ان کی پالیسیوں کو مسترد کر چکے ہیں۔ ملک میں مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے۔ پاکستان میں اتنی بری گورننس پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔

انہوں نے پی ٹی آئی حکومت کے جانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب اسے کوئی نہیں روک سکتا۔ عوام ان حکمرانوں کو بدعائیں دے رہے ہیں۔ یہ لوگ عوام کی خدمت کر ہی نہیں سکتے لیکن مریم نواز آخری سانسوں تک عوام سے کئے گئے وعدے نبھائے گی۔