اماراتی کمپنیوں کا پاکستان میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان 

اماراتی کمپنیوں کا پاکستان میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان 

کراچی :یو اے ای کی رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کے گروپ نے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد) کی معاونت سے پاکستان میں 20 سے 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق  آباد نامی گروپ نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ حکومت پاکستان کے مشیر برائے گلف ممالک سردار قیصرحیات کی قیادت میں متحدہ عرب امارات کی رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کے گروپ پر مشتمل وفد نے آباد ہاؤس کا دورہ کیا۔

اس موقعے پر پاکستان کے مشیر برائے گلف ممالک سردار قیصر حیات نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی اپنے ملک میں ’25 ارب ڈالر سے زائد‘ کی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں جبکہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت ان کو معاونت فراہم کرے گی۔

سردار قیصرحیات نے کہا کہ پاکستان کے تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے بیرونی رئیل اسٹیٹ کے سرمایہ کاروں کے لیے آباد ایک بہترین ادارہ ثابت ہوگا۔ آباد دبئی کے سرمایہ کاروں کی پاکستان میں ہرممکن مدد کرے گی۔

چیئرمین آباد آصف سم سم نے متحدہ عرب امارات کی رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کے گروپ کی جانب سے کراچی میں تعمیراتی شعبے میں 25 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے کہابیرونی سرمایہ کاری سے پاکستان کے تعمیراتی شعبے میں انقلاب برپا ہوگا۔انہوں نے یو اے ای کی رئیل اسٹیٹ کمپنی کو آباد کی جانب سے بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرائی۔

آصف سم سم نے کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی اور شہری تعمیرات کی طرف رحجان سے تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کا سازگار ماحول پیدا ہوا ہے۔ پاکستان میں ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد رہائشی یونٹس کی کمی ہے جو سرمایہ کاروں کے لیے ایک سنہری موقع ہے۔‘

دورے پر موجود وفد میں متحدہ عرب امارات کی ریئل اسٹیٹ کمپنی المیر، رئیل اسٹیٹ بروکریج دبئی کے بانی وچیئرمین کریم عامرعلی، حبیبی گروپ کے چیئرمین حفیظ حبیبی، ڈائریکٹر سمیع ساجد، ریحان خان، کوآرڈینیٹر حبیبی گروپ افشاں خان، سی ای او مارک سٹون ودیگر کمپنیوں کے نمائندے شامل تھے۔

مصنف کے بارے میں