چیف سیلکٹر نے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں تبدیلیوں کا اشارہ دے دیا

چیف سیلکٹر نے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں تبدیلیوں کا اشارہ دے دیا
کیپشن: چیف سیلکٹر نے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں تبدیلیوں کا اشارہ دے دیا
سورس: فائل فوٹو

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سیلکٹر محمد وسیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں تبدیلیوں کا اشارہ دے دیا۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے چیف سیلکٹر محمد وسیم نے کہا کہ وہ قومی ٹیم میں تبدیلیوں سے انکار نہیں کریں گے جس کا اعلان رواں ہفتے کے اوائل میں کیا گیا تھا کیونکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قواعد کے مطابق 10 اکتوبر تک ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ میں تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں۔

محمد وسیم نے اعتراف کیا کہ قومی ٹیم میں مڈل آرڈر بلے بازوں کے ساتھ مسائل تھے اور ہمارے پاس بابراعظم اور محمد رضوان کی شکل میں مضبوط اوپننگ بلے باز موجود ہیں جبکہ مڈل آرڈر میں محمد حفیظ کو بھی آزمایا ہے جنہوں نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔

چیف سیلکٹر نے آصف، خوشدل اور اعظم کو منتخب کرنے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ سب ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ آصف علی نے پی ایس ایل میں پاور ہٹر کی حیثیت سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور خوشدل شاہ نے حالیہ ڈومیسٹک سیزن میں بہتری دکھائی۔ اعظم خان نے پی ایس ایل میں بھی اچھا اسٹرائیک ریٹ برقرار رکھا۔

وسیم نے کہا کہ اعظم ٹیم کے ریزرو وکٹ کیپر بھی تھے اور پی سی بی کا خیال ہے کہ ضرورت پڑنے پر کھلاڑی اس کردار میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتا ہے۔

سابق کپتان سرفراز احمد کے قومی اسکواڈ سے باہر ہونے کے بارے میں پوچھے جانے پر چیف سلیکٹر نے اشارہ دیا کہ مستقبل قریب میں ان کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔