ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی، ہیٹ ویو سے بچاؤ کی ہدایات جاری:محکمہ موسمیات

 ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی، ہیٹ ویو سے بچاؤ کی ہدایات جاری:محکمہ موسمیات

اسلام آباد: ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کے بعد محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 14 اپریل سے ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں آ جائیں گے۔ خاص طور پر سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے۔


محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے کے دوران بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں۔ باہر جانے کی صورت میں ہلکے رنگ کے کپڑے، سن اسکرین، ٹوپی، چھتری اور سن گلاسز کا استعمال کریں۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ خود کو ہائیڈریٹ رکھیں، پیاس نہ لگنے کے باوجود بھی پانی اور تازہ جوس کا استعمال کریں، اور گرمی کے وقت جسم کو سکون دینے کے لیے وقفہ لیں۔


ماہرین کا کہنا ہے کہ دھوپ کے اوقات میں ورزش کرنے سے گریز کریں، گاڑی میں بچوں یا پالتو جانوروں کو اکیلا نہ چھوڑیں، اور کیفین والے مشروبات سے پرہیز کریں کیونکہ یہ جسم میں پانی کی کمی کو بڑھا سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس شدید موسم کے دوران احتیاط برتیں تاکہ صحت کے کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔