پی ڈی ایم کی جانب سے مینار پاکستان پر کل کے لئے جلسے کی تیاریاں عروج پر

پی ڈی ایم کی جانب سے مینار پاکستان پر کل کے لئے جلسے کی تیاریاں عروج پر
سورس: فوٹو/اسکرین گریب نیو نیوز

لاہور:  پی ڈی ایم کے پاور شو کا ہنگامہ اور میدان لگے گا کل کیونکہ ملک بھر سے کارکن بڑی تعداد میں شرکت کیلئے پرعزم نظر آ رہی ہے۔ جلسے میں شرکت کیلئے فیصل آباد اور گوجر خان کے کارکن پرجوش ہیں۔ کہتے ہیں کوئی رکاوٹ انہیں جلسے میں شرکت سے نہیں روک سکتی۔ ملتان، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ اور صادق آباد میں بھی جیالے اور متوالے بھی تیاریوں میں مصروف ہیں اور خواتین کی تیاریاں بھی مکمل ہو چکی ہیں اور کہتی ہیں کہ ٹھاٹھیں مارتا عوام کا سمندر تبدیلی حکومت کو بہا لے جائیگا۔

گوجرانوالہ میں بھی مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے عوامی رابطہ مہم شروع کر دی۔ مارکیٹوں میں جا کر تاجر برادری کو جلسے کیلئے متحرک کرنے لگے۔ پشاور سے بھی قافلہ لاہور پہنچے گا اور کارکن کہتے ہیں پارٹی قائدین کی ہدایات کے مطابق رکاوٹوں کو روندتے ہوئے پہنچیں گے۔ حیدر آباد اور سکھر سے بھی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے کارکن لاہور پہنچیں گے جو کہتے ہیں حکومت کے دن گنے جا چکے اور حکمرانوں سے نجات حاصل کر کے ہی دم لیں گے۔

خیال رہے کہ مینار پاکستان گراونڈ میں جلسے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اور احاطے میں سٹیج اور کرسیاں لگانے کا کام جاری ہے جبکہ لاہور کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سٹیج کی تیاری متاثر کرنے کے لئے گریٹر اقبال پارک کے گیٹ کو تالا لگایا گیا لیکن لیگی کارکنوں نے اسے توڑ کر سٹیج بنانے کا سامان لے کر مینار پاکستان کے احاطے میں داخل ہو گئے۔ لائٹس اور ساونڈ سسٹم بھی نصب کر دیئے گئے ہیں اور ورکرز کی بڑی تعداد جلسہ گاہ میں موجود ہے۔ 

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ 13 دسمبر کو مینار پاکستان پر پی ڈی ایم کا تاریخی جلسہ ہو گا اور جلسہ میں پنجاب سمیت پورے پاکستان سے عوام جلسہ میں شرکت کریں گے جبکہ عوام جلسہ میں شرکت کر کے حکومت کیخلاف اپنا فیصلہ دیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں فری اینڈ فیئر الیکشن ہوں گے اور اس الیکشن کے سلسلہ میں آئینی حکومت قائم ہوگی جبکہ ملک میں غیر آئینی حکومت مسلط کرنے کے راستے بند ہو جائیں گے اور ملک میں عوام کے ووٹوں سے منتخب حکومت ہی برسر اقتدار ہو گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے پاکستان میں حکومت قائم کی جائے اور پاکستان کو آئین، قانون کے تحت چلایا جائے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا انتظامیہ کا جلسے کے حوالے سے کوئی تعاون نہیں کیونکہ  کرسیاں، ساؤنڈ سسٹم لانے والوں پر مقدمات درج کئے جا رہے ہیں اور پولیس ان کیخلاف کریک ڈاؤن بھی کر رہی ہے لیکن مینار پاکستان پر ہونے والا جلسہ پرامن ہوگا اور لوگ پرامن طور پر جلسہ میں شریک ہوں گے اور  جلسہ ختم بھی پرامن طریقے سے ہو گا اگر کوئی ایسا عمل کیا گیا جس سے کوئی حادثہ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہو گی۔