لاہور کی فورٹ فوڈ اسٹریٹ کی رونقیں ایک بار پھر بحال ہو گئیں

لاہور کی فورٹ فوڈ اسٹریٹ کی رونقیں ایک بار پھر بحال ہو گئیں
کیپشن: لاہور کی فورٹ فوڈ اسٹریٹ کی رونقیں ایک بار پھر بحال ہو گئیں
سورس: فائل فوٹو

لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی فورٹ فوڈ اسٹریٹ کی رونقیں بحال ہو گئیں، شہریوں نے مزیدار کھانوں کا لطف اٹھانے کے لیے بڑی تعداد میں یہاں کا رخ کرلیا۔

لاہور میں شاہی قلعہ کے قریب 21 جنوری 2012 کو فورٹ فوڈ اسٹریٹ بنائی گئی تھی تاہم کافی عرصے سے یہ فوڈ اسٹریٹ بند تھی۔

اب 9 سال بعد تعمیر نو اور رنگ و روغن کے بعد دوبارہ اسے کھول دیا گیا ہے، فوڈ اسٹریٹ کی دیواروں پر فنکاروں کی پینٹنگز بھی بنائی گئی ہیں۔ اس موقع پر والڈ سٹی اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے فوڈ اسٹریٹ کا افتتاح کیا۔

کامران لاشاری کا کہنا تھا کہ ابھی صرف فوڈ اسٹریٹ بحال کی گئی ہے، یہاں قوالی، داستان گوئی، ٹکسالی کا دورہ اور صوفی میوزک وغیرہ بھی دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور اپنے میلوں، تفریحات اور ثقافت کے لیے مشہور ہے اور ہم دوبارہ اس کی اس حیثیت کو بحال کریں گے۔ دوسری جانب وہاں آنے والے شہری بھی لطف اندوز ہورہے ہیں اور فیملی کے لیے ایک اور پبلک پلیس کے اضافے پر خوش ہیں۔