پاکستان میں آندھی اور شدید بارشیں، خیبر پختونخوا میں27، پنجاب میں 9 افراد ہلاک، سندھ، بلوچستان میں طوفان کا الرٹ

پاکستان میں آندھی اور شدید بارشیں، خیبر پختونخوا میں27، پنجاب میں 9 افراد ہلاک، سندھ، بلوچستان میں طوفان کا الرٹ
سورس: File

اسلام آباد: پاکستان کے شمال مغرب میں تیز ہواؤں کے بعد شدید بارشوں کے نتیجے میں آٹھ بچوں سمیت کم از کم 28 افراد ہلاک ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق ملک بھر میں تیز اندھی اور طوفانی بارشوں سے اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ خیبرپختونخوا میں بارشوں سے ہونے والے حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 27 ہوگئی۔

ایک تازہ رپورٹ میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا کہ 27 متاثرین میں 18 مرد، ایک عورت اور 8 بچے شامل ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 15 اموات بنوں میں ہوئیں، پانچ پانچ لکی مروت اور کرک میں ہوئیں جبکہ دو لوگ ڈیرہ اسمٰعیل خان میں مارے گئے۔

ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان تیمور علی خان نے مزید بتایا کہ 140 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ 200 سے زائد مویشی بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کی جانب سے متاثرہ چاروں اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

وزیر موسمیات شیری رحمٰن نے خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بارشوں سے ہونے والے حادثات میں جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

اس کے علاوہ وزیر اعظم شہباز شریف نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو ملک کے بارشوں سے متاثرہ علاقوں بالخصوص خیبر پختونخوا میں ریلیف و بحالی کے اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

علاوہ ازیں پنجاب کے ضلع خوشاب کے شہر نور پور تھل میں آندھی اور بارش کے باعث گھر کی دیوار گرنے سے 3 بچیاں جاں بحق ہوگئیں، ادھر گوجرانوالا میں بھی آندھی طوفان کے باعث حادثات میں 10 افراد زخمی ہوئے۔

فیصل آباد کے علاقے رضا آباد میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہوا جبکہ کھرڑیانوالہ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔

پنجاب کے شہر میانوالی میں تیز آندھی اور بارش سے مختلف علاقوں میں حادثات کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور  2  زخمی ہوئے، اس کے علاوہ سرگودھا روڈ پر وانڈھی ابراہیم آباد کے قریب گھرکی دیوار گرنے سے ایک بچی جاں بحق ہوئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق کوٹ حسن خان میں بارش کے باعث مکان کی دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور  3 زخمی ہوئے۔

دوسری جانب پاکستان کی طرف بڑھتے سمندری طوفان کے پیش نظر سندھ اور بلوچستان میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے 12 واں الرٹ جاری کر دیا جس کے مطابق طوفان کراچی سے محض 690 کلومیٹر رہ گیا ہے۔  محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کا فاصلہ ٹھٹھ سے 670 اور اورماڑہ(بلوچستان)سے 720 کلومیٹر رہ گیا، طوفان کے اردگرد ہواوں کی رفتار 220 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھ رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان سمندر میں 40 فٹ بلند لہریں پیدا کررہا ہے، طوفان کا رخ 14 جون کی صبح تک بدستور شمال کی جانب رہےگا، بعدازاں رخ جنوب مغرب کی جانب تبدیل کرکے 15 جون کی صبح کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کو کراس کرےگا۔

محکمہ کے مطابق طوفان کے اثرات کے نتیجے میں کراچی میں 13جون سے 16 جون کے درمیان گرج چمک کے ساتھ تیزبارش اور آندھی کا امکان ہے،حیدرآباد، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈوالہیار، میرپور خاص میں بھی 13 سے 16 جون کے درمیان تیز ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے،13 سے 17 جون کو ٹھٹھ، سجاول، بدین، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں گرج چمک کے ساتھ آندھی کا امکان ہے۔

واضح رہے گزشتہ برس پاکستان میں شدید مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی تھی، جن کے بعد ملک کا ایک تہائی حصہ زیر آب آ گیا تھا۔ اس سے 20 لاکھ گھروں کو نقصان پہنچا تھا اور 17 سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

مصنف کے بارے میں