اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے انٹرا پارٹی الیکشن کے عمل کو مکمل کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا ہے۔ ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے سماعت کی۔
پی پی کے وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ پارٹی نے الیکشن بورڈ تشکیل دے دیا ہے اور پانچ ہفتوں میں انٹرا پارٹی الیکشن کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ سماعت کے دوران ممبر کے پی نے سوال کیا کہ پارٹی کا چیئرمین کون ہے؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ بلاول بھٹو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین ہیں۔ مزید سوال کرنے پر وکیل نے کہا کہ بلاول بھٹو پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے اس بات کی وضاحت کی کہ پیپلز پارٹی نے انٹرا پارٹی الیکشن جنوری 2025 میں کروانے تھے اور اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔ کمیشن نے سوال کیا کہ تاخیر کیوں ہوئی؟ وکیل نے کہا کہ قیادت کی مصروفیات اور دیگر وجوہات کی بنا پر تاخیر ہوئی۔مزید سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔