عبدالغفور حیدری پر حملہ، جے یو آئی (ف) کا اتوار کو یوم سوگ منانے کا اعلان

عبدالغفور حیدری پر حملہ، جے یو آئی (ف) کا اتوار کو یوم سوگ منانے کا اعلان

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مستونگ واقعے کی مذمت کی اور اسے مجرمانہ عمل قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا یہ کسی فرد پر نہیں پوری قوم پر حملہ ہے ایسے واقعات سے کارکنان کے حوصلے پست نہیں ہونگے ہم اسلام کی سر بلندی کے لئے کام کرتے رہیں گے۔ مستونگ میں مولانا عبدالغفور حیدری کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی اب تک 27 افراد شہید اور 40 کے قریب زخمی ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاست کی ذمے داری ہے ایسے واقعات کے ذمے داران کیخلاف کارروائی کرے یہ واقعہ انہی عناصر کا ہے جو پاکستان کے دشمن ہیں کیونکہ یہ لوگ پاکستان میں عوامی رائے کے برعکس اپنی حکمرانی چاہتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا تمام مکاتب فکر کےعلما نے پاکستان کیخلاف اسلحہ اٹھانے کو شریعت کی مخالفت کہا ہے۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا سیاسی کارکنوں نے جمہوریت کیلئے ہمیشہ سینے پر گولی کھائی ہے اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے جدوجہد جاری رہے گی جبکہ تاریخ گواہ ہے قوم نے کبھی بھی کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا دشمن سن لیں ایسے حملوں سے قوم کسی خوف میں مبتلا نہیں ہو گی اور ہم ملک میں قانون کی حکمرانی کے لیے جنگ جاری رکھیں گے۔

واضح رہے بلوچستان کے صوبائی دارلحکومت کوئٹہ سے 50 کلو میٹر دور مستونگ میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری کے قافلے پر حملہ کیا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں سڑک کنارے گزرنے والی گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری سمیت 35 افرد زخمی جبکہ 25 شہید ہو گئے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں