پاکستان بھر میں آج عید الفطر منائی جارہی ہے

پاکستان بھر میں آج عید الفطر منائی جارہی ہے

اسلام آباد:ملک بھر میں آج مذہبی جوش و جذبے اور عقید ت و احترام سے عید الفطر منائی جارہی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی اور عالمی اسلام کی سلامتی کی لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں ، جس کے بعد ملک بھر میں عید کی نماز ادا کی گئی ۔ رواں سال عید کی خوشیاں ملک بھر میں ایک ہی دن منائی جارہی ہیں ۔ 

واضح رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان نے ملک میں شوال کا چاند نظر آنے اور ملک بھر میں 13 مئی بروز جمعرات عیدالفطر منانے  کا اعلان کیا تھا۔ 
گزشتہ روز شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے اور ملک بھر سے شوال کا چاند نظر آنے کی شہادتیں اکٹھی کی گئیں۔ 
غروب آفتاب کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو خیبرپختونخواہ اور بلوچستان سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جن کی فرداً فرداً پڑتال اور تصدیق کی گئی اور انہیں درست قرار دینے کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی شرعی طور پر اس فیصلے پر پہنچی کہ رمضان المبارک کا اختتام ہو گیا ہے اور کل عیدالفطر منائی جائے گی۔ نجی خبر رساں ادارے کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ایک درجن سے زائد موصول ہونے والی شہادتوں کو جانچ پڑتال کے بعد درست تسلیم کیا۔ 

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اجلاس ختم ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ماہ شوال المکرم 1442ہجری کی چاند کی رویت کا شرعی فیصلہ کرنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس وزارت مذہبی امور اسلام آباد میں منعقد ہوا اور اس کے علاوہ پاکستان بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئے۔ 
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر سے شوال کا چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ جن علاقوں سے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں ان میں چمن، قلعہ سیف اللہ، پسنی، پشاور، سندھ کے میرپور سمیت بہت سے مقامات شامل ہیں، لہٰذا اتفاق رائے سے یہ طے پایا ہے کہ یکم شوال المکرم 1442 ہجری 13 مئی 2021ءبروز جمعرات ہو گی اور کل انشاءاللہ ملک بھر میں عیدالفطر کا کا پہلا دن ہو گا۔ 

قبل ازیں پشاور میں مقامی اور غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی نے شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کرتے ہوئے جمعرات کو عیدالفطر منانے کا اعلان کیا۔ مفتی پوپلزئی کا کہنا تھا کہ مردان، چارسدہ، صوابی، کوہات سمیت متعدد علاقوں سے 189 شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کل بروز جمعرات عیدالفطر منائی جائے گی جبکہ موصول ہونے والی تمام شہادتیں مرکزی رویت ہلال کمیٹی تک بھی پہنچا چکے ہیں۔ 
دوسری جانب کراچی اور سکھر میں شوال کا چاند نظر نہ آنے پر زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس پہلے ہی ختم کر دئیے گئے تھے۔ سکھر سے مفتی محمد ابراہیم قادری نے باضابطہ طور پر چاند نظر نہ آنے اور اجلاس ختم کرنے کا اعلان کیا جبکہ کراچی میں زونل رویت ہلال کمیٹی نے بھی چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے اجلاس ختم کر دیا تھا۔ 
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں بھی کہا گیا تھا شوال کے چاندکی پیدائش ہوگئی ہے لیکن غروب آفتاب کے وقت چاند نظر آنے کے کم ہیں کیونکہ غروب آفتاب کے وقت لاہورمیں چاند کی عمر 19 گھنٹے 17 منٹ ہو گی اور اس کی عمر 25 گھنٹے ہو تو نظر آنے کے امکانات ہوتے ہیں۔