کے پی، بلوچستان اور سندھ اسمبلی کے اراکین نے حلف اٹھا لیا

کے پی، بلوچستان اور سندھ اسمبلی کے اراکین نے حلف اٹھا لیا
کیپشن: اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی نے نو منتخب اراکین اسمبلی سے حلف لیا۔۔۔۔۔فائل فوٹو

پشاور: خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی کے 112 ارکان نے حلف اٹھایا۔ پریذائڈنگ افسر سردار اورنگزیب نلوٹھا نے ارکان سے حلف لیا۔ ایوان نئے مہمانوں سے 76 دن بعد کھچا کھچ بھر گیا۔

نومنتخب ارکان کی حلف برداری کیلئے گورنر نے آئین کے آرٹیکل 53 اور 127 کے تحت سردار اورنگزیب نلوٹھا کو پریذائیڈنگ افسر مقرر کیا جنہوں نے سپیکر کی غیر موجودگی میں نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔ نامزد سپیکر اسد قیصر قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہیں۔

سندھ اسمبلی کے ارکان نے حلف اٹھا لیا ہے اور نومنتخب ارکان سے اسپیکر آغا سراج درانی نے حلف لیا جس کے بعد ارکان اسمبلی کے رجسٹر میں حروف تہجی کے تحت دستخط کیے۔

 

مزید پڑھیں: ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے اضافی نشستوں سے استعفے منظور

پی ٹی آئی کے نو منتخب رکن اسمبلی فردوس شمیم نقوی کا سندھ اسمبلی پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نیا پاکستان بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنا ہے اور پیپلز پارٹی سے مل کر بہتر تبدیلی کے لیے کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں بہتر اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔ پانی بجلی صحت اور تعلیم کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گی اور کرپشن کے خاتمے کے لئیے جد و جہد جاری رہے گی۔

بلوچستان اسمبلی میں آج اجلاس منعقد کیا گیا جس میں صوبے سے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھایا۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی نے نو منتخب اراکین اسمبلی سے حلف لیا۔

25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں نئی وجود میں آنے والی سیاسی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) صوبے میں سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت 15 اگست تک ملتوی

بی اے پی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہیں اسمبلی میں اکثریت حاصل ہوگئی ہے اور وہ صوبے میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔

ادھر پنجاب کی صوبائی اسمبلی کا پہلا اجلاس 15اگست کو ہو گا جس میں پنجاب کے ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں