طالبان سے جنگ میں افغان حکومت کو سب سے بڑا دھچکا

طالبان سے جنگ میں افغان حکومت کو سب سے بڑا دھچکا
سورس: فائل فوٹو

کابل : افغانستان میں طالبان نے اپنی پیش قدمی کے دوران ملک کے دوسرے بڑے شہر قندھار پر قبضہ کر لیا ہے۔ حالیہ لڑائی میں اسے طالبان  کی بڑی فتح اور افغان حکومت کے لیے اب تک کا سب سے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعے کو صوبہ لوگر کی صوبائی کونسل کے دو ارکان نے  اس بات کی تصدیق کی ہے کہ طالبان صوبائی دارالحکومت پلِ علم میں داخل ہو چکے ہیں جہاں انھوں نے پولیس ہیڈکوارٹر پر قبضہ کر لیا ہے اور شدید لڑائی جاری ہے۔لوگر کی سرحد کابل کے صوبے سے ملتی ہیں اور پلِ علم سے سیدھی سڑک دارالحکومت کابل جاتی ہے۔

جمعے کو ہی خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے قندھار کی مقامی حکومت کے ایک اہلکار نے تصدیق کی تھی کہ ’گذشتہ رات فوج سے جھڑپوں کے بعد طالبان نے قندھار شہر کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔‘

طالبان کے ترجمان نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ زابل اور ارزگان کے صوبے بھی ان کے کنٹرول میں ہیں تاہم سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ طالبان کا کہنا ہے کہ انھوں نے کسی لڑائی کے بغیر زابل اور ارزگان کا کنٹرول سنبھالا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ جنوبی شہر اور صوبہ ہلمند کا دارالحکومت لشکر گاہ بھی طالبان کے قبضے میں جا چکا ہے تاہم سرکاری طور پر ان دعوؤں کی تصدیق بھی نہیں کی گئی ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اب تک طالبان کو افغانستان کے 34 میں سے 18 صوبوں کے دارالحکومتوں پر کنٹرول حاصل ہوگیا ہے۔