فوج میں بھرتی کیلئے خواتین کے کنوارپن ٹیسٹ کی شرط ختم

فوج میں بھرتی کیلئے خواتین کے کنوارپن ٹیسٹ کی شرط ختم
سورس: فائل فوٹو

جکارتہ : انڈونیشیا میں فوج میں بھرتی ہونے والی نئی خواتین کیڈٹس کیلئے متنازعہ کنوارپن ٹیسٹ کی شرط ختم کردی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈونیشین آرمی کے چیف آف اسٹاف 'اندیکا پرکاسا 'کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کے مختلف گروپوں کی جانب سے اس ٹیسٹ پر پابندی لگانے کے مطالبے پر انڈونیشین فوج میں نئی بھرتی ہونے والی خواتین کیڈٹس کے لیے ورجینیٹی ٹیسٹ کی شرط ختم  کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل انڈونیشیا کی فوج میں خواتین کیڈٹس کا ’ٹو فنگر ورجینیٹی ٹیسٹ‘ کیا جاتا تھا تاکہ معلوم ہو سکے کہ اگر بھرتی ہونے والی خواتین کیڈٹس نے ماضی میں جنسی تعلق قائم کیا ہے تو انہیں بھرتی کے مرحلے سے باہر کردیا جائے۔

مقامی رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے انڈونیشین آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ورجینیٹی ٹیسٹ فوج میں نئی بھرتی ہونے والی خواتین کیڈٹس کی مجموعی صحت کو جانچنے کے عمل کا حصہ تھا تاہم اب اس طرح کے ٹیسٹ مزید نہیں کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کئی دہایوں سے کیا جانے والا ورجینیٹی ٹیسٹ رواں سال کے شروع میں ہی ختم کردیا گیا تھا لیکن اس کے نفاذ کی تاریخ نہیں بتائی گئی تھی۔

ان کا مزید  کہنا تھا کہ مرد فوجی اہلکاروں کی منگیتروں کو بھی اس ٹیسٹ کے تابع لانے کے عمل کو ختم کردیا گیا ہے۔

بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیم 'ہیومن رائٹس واچ'  نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے جس نےاس عمل کو صنف کی بنیاد پر تشدد کی ایک شکل قرار دیا تھا۔