پاکستان سےفلسطینیوں کیلئےامدادی سامان کی چوتھی کھیپ روانہ

 پاکستان سےفلسطینیوں کیلئےامدادی سامان کی چوتھی کھیپ روانہ
سورس: file

اسلام آباد: فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد کیلئے  پاکستان سے 20 ٹن امدادی سامان کی چوتھی کھیپ غزہ کیلئے روانہ کر دی گئی ہے۔ 

ذرائع کے مطابق یہ چوتھی امدادی کھیپ تقریباً 20 ٹن ضروری اشیاء پر مشتمل ہے جس میں طبی سامان، خشک کھانے کی اشیاء اور حفظانِ صحت کی کٹس شامل ہیں۔


امدادی سامان پاک فضائیہ کی خصوصی پرواز کے ذریعے نور خان ایئر بیس سے روانہ کیا گیا۔ خصوصی پرواز امدادی سامان لے کر اردن پہنچے گی جہاں اردن میں تعینات پاکستانی سفیر امدادی سامان وصول کریں گے جس کے بعد اسے تقسیم کے لیے غزہ روانہ کردیا جائے گا۔

اس حوالے سے نگراں وزیرِ خارجہ جلیل عباس جیلانی اور پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد ربیع نے تقریب میں شرکت کی۔نگراں وزیرِ خارجہ نے فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔ وزیرِ خارجہ نے جنوبی افریقا کے کیس کی انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں مکمل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے لیے مزید انسانی امداد کا بھی انتظام کیا جارہا ہے جو بہت جلد بھیجی جائے گی۔

علاوہ ازیں پاکستان میں فلسطین کے سفیر نے امدادی سامان کی فراہمی پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

مصنف کے بارے میں