پائیدار ترقی کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے ، احسن اقبال

پائیدار ترقی کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے ، احسن اقبال

اسلام آباد: منصوبہ بندی کے وزیراحسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کی پائیدار ترقی کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے ۔انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں نیشنل لاجسٹکس سیل کے زیراہتمام پاک چین اقتصادی راہداری کے بین الاقوامی لاجسٹک فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ تیز ترترقی کیلئے پالیسیوں میں تسلسل بہت ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں سیاسی عدم استحکام کی بھاری قیمت ادا کی ہے ۔احسن اقبال نے کہاکہ اسی باعث گوادر کی بندرگاہ کا منصوبہ معطل رہا اور موجودہ حکومت نے اسے بحال کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن)  کی حکومت نے ملک بھر میں تیز تر اور پائیدار ترقی یقینی بنانے کیلئے بنیادی ڈھانچے کے کئی منصوبے مکمل کئے ہیں.

انہوں نے کہاکہ گوادر کو کوئٹہ سے منسلک کرنے والی ایک اہم شاہراہ مکمل کرلی گئی ہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان ریلوے کو بحال کردیاگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کراچی پشاور موٹر وے پرکام جاری ہے اور پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت موٹر وے کا ملتان سکھر سیکشن آئندہ سال کے آخر تک مکمل کرلیاجائے گا ۔انہوں نے کہاکہ اقتصادی راہداری کے تحت صوبوں کی مشاورت سے9خصوصی اقتصادی زون قائم کئے جارہے ہیں.
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں