پاک فوج پر دہشتگردوں کا حملہ ،دو فوجی جوان شہید،3دہشتگرد ہلاک 

Pakistan Security Forces,FC

راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کےعلاقہ زیوا میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران تین دہشت گرد ہلاک جب کہ پاک فوج کا ایک افسر اور جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران تین دہشت گردوں کو بھی جہنم واصل کیا گیا۔ علاقے میں باقی دہشت گردوں کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے میں 25 سالہ کیپٹن باسط اور سپاہی حضرت بلال شہید ہو گئے۔

گزشتہ ماہ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بلوچستان کےعلاقے ہلمرگ میں آپریشن کیا جس میں2 دہشتگرد مارے گئے تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کا بہادر سپاہی فدا الرحمان شہید ہو گیا۔ شہید سپاہی کا تعلق چترال کے علاقے مستوج سے ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ مارے گئے دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اوربارود برآمد ہوا۔ دہشتگرد شہریوں اور فورسز کے خلاف پرتشدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

گزشتہ سال دسمبر میں بھی بلوچستان کے ضلع آواران میں  خفیہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ میں ملوث تھے۔ اس سے قبل بلوچستان کے علاقے کیچ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ آپریشن کیا تھا۔ آپریشن کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے تھے۔

ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے اسلحہ اور کمیونی کیشن کے آلات برآمد ہوئے تھے۔