"کہاں سے آئے ہیں یہ جھمکے؟ کس نے دئیے ہیں یہ جھمکے؟"عوامی اداکار علاؤالدین پاپا، کی آج 41 ویں برسی

لاہور:لالی وڈ کی دنیا میں ایک ایسا اداکار بھی گزرا ہے،جس کو شائقین فلم نے  پاپا کا خطاب دیاتھا۔ وہ اداکار تھے علاؤالدین،ان کو ان کی لاجواب پرفارمنس  اور شخصیت کی وجہ سے ہر کوئی پاپا  کہتا تھا۔  ان کی اداکاری  اور ڈائیلاگ ڈلیوری میں جذباتیت کا عنصر تھا جو ان کے چہرے سے  بھی عیاں تھا۔ 
 فلمی دنیا پر چار دہائیوں سے زیادہ راج کرنے والے شہنشاہ جذبات اداکار علاؤ الدین کی آج 41 ویں برسی ہے۔ اداکار علاؤ الدین بٹ 1923ء میں ایک کشمیری خاندان میں پیدا ہوئے۔

 اداکار نے فلمی دنیا پر چار دہائیوں تک راج کیا، علاؤ الدین نے اردو اور پنجابی دونوں زبانوں کی فلموں میں اپنی صلاحیتوں کو منوایا، ان کی مقبولیت کی وجہ سے انہیں “عوامی اداکار” کا خطاب دیا گیا۔

علاؤالدین نے فلم آدمی، بھروسہ، نیند، کوئل، جھومر، سسرال اور بنجارن جیسی یادگار فلموں میں اداکاری کے خوب جوہر دکھائے، پنجابی فلم کرتار سنگھ میں بطور ہیرو کام کرنے پر علاؤالدین بامِ عروج پر پہنچ گئے، اداکار نے دلیپ کمار اور نرگس کی مشہورِ زمانہ فلم ’’میلہ‘‘ میں بھی اداکاری کی۔
علاؤالدین نے مزاحیہ اداکاری کے ساتھ ساتھ کریکٹر ایکٹر کے طور پر بھی خود کو منوایا۔اداکاری کے آسمان کا یہ سورج 13 مئی 1983ء کو غروب ہو گیا۔ تاہم ان کی اداکاری اور شخصیت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ علاؤالدین پرستاروں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں۔

مصنف کے بارے میں