پی ایس ایل 10:اسلام آباد یونائیٹڈ کی دھواں دار جیت، پشاور زلمی کو 103 رنز سےشکست دےدی

پی ایس ایل 10:اسلام آباد یونائیٹڈ کی دھواں دار جیت، پشاور زلمی کو 103 رنز سےشکست دےدی

راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 103 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کی۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پشاور زلمی، اسلام آباد کی جانب سے دیا گیا 244 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 141 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابراعظم ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور جلد آؤٹ ہو گئے۔ ان کے بعد آنے والے بلے باز بھی اسلام آباد کے بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے۔

محمد حارث نے کچھ مزاحمت کی اور 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، مگر دیگر بلے باز مکمل طور پر ناکام رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم نے 3 اور شاداب خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ آغاز میں ایک وکٹ جلد گرنے کے باوجود صاحبزادہ فرحان اور کولن منرو کے درمیان 144 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔

صاحبزادہ فرحان نے پی ایس ایل میں اپنی پہلی سنچری اسکور کی۔ وہ 52 گیندوں پر 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس میں 13 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔
کولن منرو نے 40، آغا سلمان نے 30، اعظم خان نے 16، جیسن ہولڈر نے 20 اور بین ڈورشیس نے 18 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

پشاور کی جانب سے حسین طلعت اور الزاری جوزف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

دونوں ٹیموں نے اس میچ میں اپنے اسکواڈز میں تبدیلیاں کیں۔ پشاور زلمی نے میکس برائینٹ کی جگہ جارج لنڈا کو شامل کیا، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے محمد شہزاد اور رائلی میریدتھ کی جگہ سعد مسعود اور بین ڈورشیس کو میدان میں اتارا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان نے کی، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کولن منرو، اینڈریس گاس، صاحبزادہ فرحان، اعظم خان، آغا سلمان، جیسن ہولڈر، عماد وسیم، سعد مسعود، نسیم شاہ اور بین ڈورشیس شامل تھے۔

پشاور زلمی کی قیادت بابر اعظم کے سپرد تھی، جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب، محمد حارث، ٹام کوہلر کیڈمور، مچل اووین، حسین طلعت، جارج لنڈا، الزاری جوزف، محمد علی، صفیان مقیم اور علی رضا شامل تھے۔