ملک کے اہم سیاستدانوں پر ‘را’ حملہ کروا سکتی ہے، شیخ رشید

ملک کے اہم سیاستدانوں پر ‘را’ حملہ کروا سکتی ہے، شیخ رشید
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے خبردار کر دیا کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی را پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لئے کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور بھارت کی خفیہ ایجنسی اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لئے پاکستان کے اہم سیاستدانوں پر حملہ کروا سکتی ہے۔ بھارت کا اس وقت اہم ترین ایجنڈا پاکستان کو اندرونی طور پر کمزور کرنا ہے اور وہ پاک چین دوستی کو بھی خراب کرنے کے ساتھ ساتج دونوں ملکوں کے درمیان جاری سی پیک منصوبوں کو ناکام دیکھنا چاہتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت سرحدوں پر پاکستان کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتا کیونکہ پاک فوج سرحدوں پر ہر وقت چوکنا ہے اور مودی سرکار کی بزدل فوج کو کرارا جواب بھی دے رہی ہے۔ 

شیخ رشید نے گلگت بلتستان کے الیکشن کے حوالے سے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا پہلے نمبر پر تحریک انصاف، دوسرے پر پیپلز پارٹی جبکہ مسلم لیگ ن کو دھچکا لگے گا جبکہ دسمبر سے فروری تک ن سے ش، میم نکلنے کی آواز اٹھے گی۔  آئین کے تحت حکومت گرانے کی پی ڈی ایم میں سکت نہیں اور فوج کو منتخب حکومت گرانے کا کہنا غیر آئینی ہے جبکہ آرمی چیف کہہ چکے ہیں پاک فوج منتخب حکومت کے ساتھ ہے۔ 

شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کو معلوم ہے کہ ان کی سیاست ختم ہو گئی ہے اور مریم نواز بھی نااہل ہیں کیونکہ انہوں نے شہباز شریف کو مفلوج کر دیا ہے ۔ شہباز شریف اس وقت نواز شریف کے غیر سیاسی اور غیر اخلاقی بیان کے سامنے نہیں کھڑے ہو سکتے۔