حکومت نے تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیدیا ،اثاثے منجمد کرنے کی تیاریاں 

Therek e labiak Pakistan TLP

اسلام آباد :حکومت نے تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیکر اگلے مرحلے میں ان کے اثاثے بھی منجمد کرنے کی تیاریاں شروع کر دیں ،وفاقی وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان’ ٹی ایل پی ‘کو کالعدم قرار دینے کا نوٹی فکیشن جا ری کر دیا ہے ،جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان ملک میں دہشت گردی اور دوسرے گھناؤنے جرائم میں ملوث ہے۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997کے تحت تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دے دیا گیا ہے

نوٹفکیشن میں اس بات کوواضح کیا گیا کہ تحریک لبیک پاکستان ملک میں دہشتگردی اور دوسرے گھنائونے جرائم میں ملوث ہے ، ٹی ایل پی ملک میں لوگوں کواکسا کر انتشار پیدا کرنے سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی اموات اور زخمی کرنے میں ملوث ہے۔

 نوٹفیکشن کو اب وفاقی حکومت سپریم کورٹ میں پیش کر ے گی ،جس کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلے پر الیکشن کمیشن ’تحریک لبیک پاکستان‘ کو ڈی نوٹیفائی کرےگا۔

دوسری طر ف وفاقی حکومت نے تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دینے کے ساتھ پارٹی کے تمام اثاثے بھی منجمد کرنے کی تیاریاں شروع کر دیں ہیں ،حکومت نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد تنظیم کے اثاثے منجمد کرنے کی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا ہے،ذرائع کا بتانا ہے کہ تحریک لبیک کے مرکزی عہدیداروں کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی بلاک کیے جا رہے ہیں۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کے اثاثےمنجمد کیے جانےکی کارروائی انسداد دہشتگردی ایکٹ1997کے تحت کی جا رہی ہے، کارروائی انسداد دہشتگردی ایکٹ کی شق 11 ای ای کے تحت کی جا رہی ہے۔