پنجاب سیاحت کے فروغ کےلیے مکمل تیار ہے، لاہور زندہ تاریخ کا شہر ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

 پنجاب سیاحت کے فروغ کےلیے مکمل تیار ہے، لاہور زندہ تاریخ کا شہر ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب سیاحت کے فروغ کے لیے بھرپور تیار ہے اور ای سی او (اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن) کے معزز مہمانوں کی لاہور آمد ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔

یہ بات انہوں نے ای سی او کے 25 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد میں ترکی، ایران، ازبکستان، تاجکستان اور پاکستان کے نمائندے شامل تھے، جبکہ وفد کی قیادت ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان نے کی۔

مریم نواز نے وفد کا لاہور میں پرتپاک استقبال کیا اور ترکمانستان کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے لاہور کو ای سی او کیپٹل قرار دینے میں تعاون کیا۔ مریم اورنگزیب نے وفد کو پنجاب میں سیاحت، ثقافت اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ لاہور ایک ایسا شہر ہے جو ماضی اور حال دونوں کا حسین امتزاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور صرف ایک شہر نہیں بلکہ ایک زندہ تاریخ ہے، یہاں کی گلیاں تہذیب کی خوشبو سے بھری ہوئی ہیں اور لاہوریوں کی میزبانی اپنی مثال آپ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کے تاریخی مقامات، باغات، شاہی قلعہ اور یونیسکو ورلڈ ہیریٹیج سائٹس شہر کی عظمت کی علامت ہیں۔ پنجاب حکومت نہ صرف لاہور بلکہ پورے صوبے میں سیاحتی مقامات کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ مریم نواز نے بتایا کہ صوبے میں زراعت، ٹیکنالوجی، تعلیم، صنعت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں، اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ماحول سازگار بنایا جا رہا ہے۔

ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید نے بھی اپنے خطاب میں لاہور اور مریم نواز کی کاوشوں کی تعریف کی اور بتایا کہ 1992 میں پاکستان، سابق وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ای سی او میں شامل ہوا تھا۔ وفد نے وزیراعلیٰ کو یادگاری تحائف اور خطاطی کا فن پارہ بھی پیش کیا۔

مصنف کے بارے میں