اپوزیشن ملک میں انارکی نہ پھیلائے ورنہ 10 سال انتظار کرنا پڑے گا: وزیر داخلہ

اپوزیشن ملک میں انارکی نہ پھیلائے ورنہ 10 سال انتظار کرنا پڑے گا: وزیر داخلہ

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹ ڈالنے سے اگر کسی نے روکا تو میں ذمہ دار ہوں گے، چوہدری برادران کو مشورہ دوں گا کہ وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں، اپوزیشن سے گزارش ہے کہ ملک میں انارکی مت پھیلائیں، اس کا نتیجہ انتہائی الٹا نکلے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن 4 ماہ سے لانگ مارچ کی باتیں کر رہے ہیں، اپوزیشن 23 مارچ کو آئے ان کی مکمل حفاظت کی جائے گی۔ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی تاریخ 27 مارچ کے بعد ہی ہو سکتی ہے، اور جب بھی اجلاس ہوا، عدم اعتماد میں ووٹ ڈالیں، اگر کسی کو روکا گیا تو میں ذمہ دار ہوں گا، ہم نے ایک ہزار ایف سی اہلکار طلب کئے ہیں اور ایک ہزار رینجرز اہلکار بھی بلائے ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں دیکھیں کیا ہو رہا ہے، روس اور یوکرین میں جنگ لگی ہے، امریکہ نے گزشتہ روز چین کے ساتھ جو لہجہ استعمال کیا ہے، اس کے علاوہ او آئی سی بھی ہو رہی ہے، یہ سامراجی سنڈیاں تلف کر دی جائیں گی، جمہوری عمل میں ایک سال رہتا ہے اور ان کی عقل کو ماتم کرنے کو دل کرتا ہے کہ یہ ایک سال پہلے پھڈا کرنے جا رہے ہیں، لیکن مجھے خوشی ہے کہ ہمارے اتحادی انجوائے کر رہے ہیں اور لطف اٹھا رہے ہیں، سارے اتحادی عمران خان کی طرف آئیں گے۔ 
شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس 172 ووٹ پورے نہیں ہیں جس کے باعث مارکیٹ میں بولیاں لگ رہی ہیں، بولیاں لگتی رہتی ہیں لیکن بکنے اور بکنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوتے بلکہ عوام کی نظروں میں رسوا ہوتے ہیں، ان کی بیوقوفیوں کی وجہ سے عمران خان زیادہ مقبول ہو گیا ہے اور لوگ بیروزگاری اور مہنگائی بھول کر ان چوروں کے پیچھے پڑ گئے ہیں۔ 
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سے گزارش ہے کہ انارکی مت پھیلائیں کیونکہ اس کا نتیجہ انتہائی الٹا نکلے گا، ابھی ایک سال کی بات ہے پھر آپ کو 10 سال انتظار میں گزارنے پڑیں گے اور سارے ٹھس ہو کر بیٹھ جائیں گے، یہ جو کچھ کر رہے ہیں، پوری قوم دیکھ رہی ہے، مجھے اپنے اتحادیوں اور ممبران پر یقین ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں گے کیونکہ غیرت مند اور باضمیر افراد امتحان کے وقت اپنے ساتھیوں کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں