پشاور کے علاقے ارمڑ میں دھماکہ، مفتی منیر شاکر سمیت چار افراد زخمی

پشاور کے علاقے ارمڑ میں دھماکہ، مفتی منیر شاکر سمیت چار افراد زخمی

پشاور:پشاور کے علاقے ارمڑ میں ہونے والے دھماکے میں معروف عالم دین مفتی منیر شاکر سمیت چار افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مفتی منیر شاکر کے بائیں پاؤں پر چوٹ آنے کی اطلاع ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں خوشحال، عابد اور سید نبی بھی شامل ہیں۔ واقعے کے بعد تھانہ ارمڑ کی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دیں، جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی یو) اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے اہلکار بھی موقع پر موجود ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے شواہد جمع کیے جا رہے ہیں اور مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ واقعے کے محرکات کا پتہ چل سکے۔