اسلام آباد: سپریم کورٹ میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی کارکن صنم جاوید کے خلاف 9 مئی 2023 کے واقعات سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
دورانِ سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ "ملزمہ ایک عورت ہے، اس کا جسمانی ریمانڈ کیوں درکار ہے؟" انہوں نے اس معاملے پر سوال اٹھاتے ہوئے پراسیکیوشن سے وضاحت طلب کی۔
اس موقع پر اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ صنم جاوید کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کے خلاف دائر اپیل پر ہائی کورٹ نے انہیں مقدمے سے ڈسچارج کر دیا ہے۔ عدالت نے مزید سماعت کے لیے صنم جاوید کو نوٹس جاری کر دیا اور کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ صنم جاوید نے جسمانی ریمانڈ کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، جس پر انہیں ریلیف دیا گیا۔