جے یو آئی ف کا 27 اپریل کو اسرائیل مخالف مارچ کا اعلان، حکومت پر سخت تنقید

جے یو آئی ف کا 27 اپریل کو اسرائیل مخالف مارچ کا اعلان، حکومت پر سخت تنقید

پشاور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 27 اپریل کو مینارِ پاکستان لاہور میں اسرائیل کے خلاف احتجاجی مارچ کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات خاص طور پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں حکومتی رٹ ختم ہو چکی ہے جبکہ بدامنی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے افغان مہاجرین کی جبری واپسی کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے 11 مئی کو پشاور میں "ملین مارچ" کے انعقاد کا بھی اعلان کیا۔

مولانا نے وفاق کی جانب سے "مائنز اینڈ منرلز ایکٹ" کو صوبائی خودمختاری پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے اپنے وسائل کے خود مالک ہیں اور کسی صورت وفاق کو ان پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو جے یو آئی دوبارہ میدان میں نکلے گی۔