"وہ قوم کبھی فلاح نہیں پا سکتی جس کی حاکم عورت ہو":مریم نواز کی نامزدگی پر حافظ ہشام الہٰی ظہیر کا فتویٰ

لاہور : جمیعت اہلحدیث پاکستان کے صدر حافظ ہشام الہٰی ظہیر نے کہا ہے کہ عدت میں نکاح کے بارے میں اللہ کے نبی کا حکم بتایا تو پی ٹی آئی والوں نے گالم گلوچ کی اب مریم نواز کی وزارت اعلیٰ کی نامزدگی پر اللہ کے نبی کا فرمان اور فتویٰ جاری کیا تو اس پر مسلم لیگ ن والے گالم گلوچ کر رہے ہیں۔ 

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی کریم ﷺ کی حدیث ہے کہ وہ قوم کبھی فلاح نہیں پاسکتی جس کی حکمران عورت ہو۔ 

حافظ ہشام الہٰی ظہیر نے کہا کہ پی ٹی آئی اور نون لیگ کے احباب بغیر تعصب سے شرعی نکتہ نظر کو سمجھا کریں ۔ گناہ کو گناہ سمجھ کر کریں تو ہی توبہ کی توفیق ملتی ہے ۔ عجیب مسئلہ یہ ہے ہم شرعی نکتہ نظر بیان کرتے ہیں تو لوگ ہمیں برا بھلا کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  عدت کا مسئلہ بیان کرو تو پی ٹی آئی کے لوگ ہرزہ سرائی کرتے ہیں۔ اب مریم نواز کی غیر شرعی حکمرانی کی بات کریں گے تو نون لیگ والے برا بھلا کہیں گے ۔سیاسی راہنماؤں کے لئے دین بدلنے کی خواہش ہے خود کو بدلتے نہیں۔