بانی پی ٹی آئی کی سیاست سے پاکستان کو پاک کرنا ہوگا،بلاول بھٹو

بانی پی ٹی آئی کی سیاست سے پاکستان کو پاک کرنا ہوگا،بلاول بھٹو

میونخ: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج پاکستان کا نوجوان مایوس ہے اور اس میں بانی پی ٹی آئی کا کردار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی سیاست سے پاکستان کو پاک کرنا ہوگا۔

میونخ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے جمہوری کردار کی کوئی امید نہیں ہے اور ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ ملک کو کیسے چلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی و معاشی استحکام کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ملک کی ترقی کی راہ ہموار ہو سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کہ تمام ادارے ایک دائرے میں کام کریں اور سیاست دان بھی اپنے دائرے میں رہ کر کام کریں۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کو اپنے نوجوانوں کو ڈیجیٹل دور کے لیے تیار کرنے کی ضرورت ہے، جیسا کہ فرانس میں حال ہی میں اے آئی کانفرنس میں دنیا بھر کے رہنماؤں نے ٹیکنالوجی پر گفتگو کی۔

اس کے علاوہ، بلاول نے کابل میں نئی حکومت کے قیام کے بعد بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے پاکستان کو اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس چیلنج سے نمٹا جا سکے۔

مصنف کے بارے میں