رنگ روڈ منصوبے میں کرپشن کے ’مرکزی مجرم‘ وزیراعظم عمران خان ہیں: مریم اورنگزیب

Prime Minister Imran Khan is the 'main culprit' of corruption in the Ring Road project: Maryam Aurangzeb
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے رنگ روڈ منصوبے میں کرپشن کا ’مرکزی مجرم‘ وزیراعظم عمران خان کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی مزید انکوائری کی ضرورت نہیں ، ثبوت عوام کے سامنے ہیں ، عمران خان اور عثمان بزدار کو گرفتار کیا جائے۔‎

لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے رنگ روڈ منصوبے میں بھی ’چالاکی‘ سے وہی کچھ کیا جو چینی، آٹا سکینڈل سبسڈی میں کیا۔ ‎یہ تسلسل ہے کہ چوری کے حکم دو، پھر دیہاڑی لگاؤ، افسروں سے کام کراؤ اور پھر ان کو قربانی کا بکرا بنا دو۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے 4 فروری 2021ء کو رنگ روڈ منصوبے میں تبدیلیوں کی خود منظوری دی، پھر خود ہی انکوائری کرائی، وہ اپنے ہی دئیے ہوئے حکم کی انکوئری کیوں کروا رہے ہیں، حکم دے کر کس فائدہ دیا اور منصوبہ روک کر کس کو فائدہ دے رہے ہیں؟

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حکم عمران خان دیں ، بزدار صاحب عمل کرنے کے احکامات دیں اور قربانی سرکاری افسر کیوں دیں؟۔ دیہاڑی دار تو دیہاڑی لگا کر چلے جائیں گے، بعد میں سرکاری افسران اور بیوروکریسی پھنس جائے گی۔ بیورکریسی اور سرکاری افسران ان دیہاڑی داروں کے احکامات نہ مانیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان اور عثمان بزدار نے رنگ روڈ کی ری الانٹمنٹ کا حکم دے کر دیہاڑی لگائی اور اب منصوبہ روک کر پھر دیہاڑی لگا رہے ہیں۔ ‎پہلے حکم دے کر اور اس پر عثمان بزدار کے ذریعے عمل کراکے دیہاڑی لگائی، پھر انکوائری اور عملدرآمد روک کر ایک اور دیہاڑی لگائی۔

مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی جعلسازی، جھوٹ اور دیہاڑی کا پردہ آپ کے 28 جنوری 2021ء کے اپنے حکم نامے اور سرکاری دستاویز نے فاش کر دیا ہے۔ ‎ملک پر مسلط وزیراعظم اور اس کی پوری کی پوری کابینہ ’دیہاڑی دار‘ ہے۔‎

ان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب نے اٹک موڑ اور پسوال موڑ کی خود ہی منظوری دی، پھر خود ہی مکر گئے، کس کو بے وقوف بنارہے ہیں؟ ‎قوم یہ تسلسل آٹا چینی چوری، گندم چینی کی امپورٹ اور ایکسپورٹ، ایل این جی کی دیہاڑیوں میں بھی دیکھ چکی ہے۔