کابل میں ہوٹل کے باہر خودکش حملہ، پولیس اہلکاروں سمیت 18 افراد ہلاک

کابل میں ہوٹل کے باہر خودکش حملہ، پولیس اہلکاروں سمیت 18 افراد ہلاک

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہوٹل کے باہر خودکش حملے میں پولیس اہلکاروں سمیت 18 افراد ہلاک ہوگئے۔

افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق دارالحکومت کابل کے علاقے خیرنہ میں واقع مقامی ہوٹل میں ایک سیاسی تقریب جاری تھی کہ اس دوران کار سوار خودکش حملہ آور نے ہوٹل میں گھسنے کی کوشش کی تو قریب ہی لگے سیکیورٹی چیک پوائنٹ پر اہلکاروں نے اسے روکنے کی کوشش جس پر خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

افغان میڈیا کے مطابق پولیس حکام نے دھماکے کے نتیجے میں 8 پولیس اہلکاروں اور 10 عام شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جب کہ 10 کے قریب افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا  گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکا  اس قدر شدید تھا   کہ اس سے قریب کھڑی گاڑیاں تباہ ہو  گئیں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

افغان میڈیا کہنا ہے کہ رواں سال یہ کسی بھی اجتماع کو نشانہ بنانے کا دوسرا واقعہ ہے، اس سے قبل ماہ جون میں کابل میں نماز جنازہ کے دوران ہونے والے تین خودکش حملوں میں 7 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جب کہ ان حملوں میں چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ محفوظ رہے تھے۔

مصنف کے بارے میں