ڈنڈے کے زور پر ملک نہیں چل سکتا :علی امین گنڈاپور

ڈنڈے کے زور پر ملک نہیں چل سکتا :علی امین گنڈاپور

لاہور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ملک کو جبر اور طاقت کے بل بوتے پر نہیں چلایا جا سکتا۔ 2024 کے عام انتخابات میں ہونے والی مبینہ دھاندلی اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں حقیقی نمائندوں کے بجائے مخصوص افراد کو مسند اقتدار پر بٹھایا جا رہا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ بار میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوام پر اپنی مرضی کے حکمران مسلط کرنے کے لیے متعدد بار تجربے کیے گئے، جن کے نتیجے میں ملک آج 76 ہزار ارب روپے کے قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔ ان کے بقول، پاکستان جو اسلام کے نام پر بنا، آج نہ خودمختار ہے نہ باوقار۔

علی امین نے کہا کہ جو لوگ پاکستان کے لیے کام کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں، انہیں آئین کی پاسداری اور جمہوری اصولوں پر یقین ہونا چاہیے، مگر ہر الیکشن میں بے ضابطگیاں اور دھاندلی کی جاتی ہے، جس سے جمہوریت کا مذاق بن گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ "عمران خان کو جیل میں اس لیے رکھا گیا ہے کیونکہ وہ ایک ایسے نظام کی بات کرتا ہے جو عوامی امنگوں کا ترجمان ہو، وہ قانون کی بالادستی، اسلامی اقدار اور قومی خودمختاری کی بات کرتا ہے، اور یہی باتیں بعض حلقوں کو ناگوار گزرتی ہیں۔"

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر تمام اختیارات مخصوص اداروں کے پاس ہوں، اور وہی جج، وکیل اور مدعی ہوں تو ایسا نظام زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔

انہوں نے کہا کہ "ہماری جماعت نے پرامن سیاسی جدوجہد کی، مگر جلسے روکنے، رہنماؤں کو گرفتار کرنے، کارکنوں پر تشدد اور گولیوں کے ذریعے ہمارے 14 کارکنوں کو شہید کر کے ہمیں دبانے کی کوشش کی گئی۔"

آخر میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ "عمران خان اقتدار کے لیے نہیں، قوم کی آزادی، خودداری اور عزت کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔ اگر عوام کی آواز طاقتور حلقوں تک نہیں پہنچ رہی، تو پھر یہ طے ہے کہ فیصلے عوامی مفاد میں نہیں، ذاتی مفاد میں ہو رہے ہیں۔"