چوری کا الزام، ملزمہ کیساتھ شوہر کو بھی تھانے میں چار پائی سے باندھ دیا

چوری کا الزام، ملزمہ کیساتھ شوہر کو بھی تھانے میں چار پائی سے باندھ دیا
کیپشن: ملزمہ نے الزام عائد کیا کہ اسے اور اس کے شوہر کو مرد پولیس اہل کاروں نے تشدد کا نشانہ بنایا۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

شکر گڑھ: صوبہ پنجاب کے ضلع نارووال کی تحصیل شکر گڑھ میں پولیس نے چوری کے الزام میں خاتون ملازمہ اور اس کے شوہر کو گرفتار کر لیا۔ اس دوران نہ صرف مرد اہلکاروں نے خاتون پر تشدد کیا بلکہ اُسے اور اُس کے شوہر کو ہتھکڑی لگا کر چار پائی سے باندھ کر بھی رکھا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شکر گڑھ میں اخلاص پور روڈ کی رہائشی 22 سالہ فروا وقاص اخراجات پورے کرنے کے لیے گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرتی تھی۔

2 روز قبل گھر کے مالک شیخ شہباز نے فروا پر 3 لاکھ روپے چرانے کا الزام لگا کر تھانا سٹی میں مقدمہ درج کرا دیا۔میڈیا کو موصول ویڈیو میں دیکھا گیا کہ پولیس نے فروا اور اس کے شوہر کو گرفتار کرکے تھانے کی بیرک میں قید کر دیا۔

اس موقع پر دونوں سے نامناسب سلوک کیا گیا اور دونوں میاں بیوی کو ایک ہتھکڑی لگا کر چار پائی کے ساتھ باندھا گیا ہے۔

ملزمہ نے الزام عائد کیا کہ اسے اور اس کے شوہر کو مرد پولیس اہل کاروں نے تشدد کا نشانہ بنایا اور تفتیش کے لیے کسی خاتون پولیس اہلکار کو شامل نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب تھانہ سٹی کے ایس ایچ او انسپکٹر محمد عظیم نے موقف اختیار کیا کہ بارش کے بعد حوالات میں پانی بھرنے کے باعث ملزمہ اور اس کے شوہر کو بیرک میں رکھا گیا۔