بجلی، گیس، پیٹرول کے بعد پانی اور سیوریج کے بلوں میں بھی اضافہ

بجلی، گیس، پیٹرول کے بعد پانی اور سیوریج کے بلوں میں بھی اضافہ
سورس: File

اسلام آباد:  بجلی، گیس اور پیٹرول کے بعد پانی اور سیوریج کے بلوں میں بھی اضافہ کردیا گیا۔ گھریلو صارفین کے پانی اور سیوریج کے بلوں میں 175 فیصد جبکہ کمرشل صارفین کے بلوں میں 500 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔

 پنجاب کی نگران حکومت نے واسا راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ کیلئے اضافے کا نوٹفیکیشن جاری کردیا۔

راولپنڈی میں رواں ماہ گھریلو صارفین کو پانی کے بھاری بھرکم بل موصول ہونا بھی شروع ہوگئے۔

واسا ذرائع کے مطابق واسا ٹیرف 2009 سے نہیں بڑھا تھا جب بجلی کا فی یونٹ 6 روپے میں ملتا تھا اور اب بجلی کا فی یونٹ دس فیصد بڑھ کر قریباً 60 روپے تک پہنچ گیا ہے۔

سال 2009 میں واسا کو ٹیوب ویلز کی مد میں 60 سے 70 لاکھ روپے آتا تھا۔ ٹیوب ویلز اور فلٹریشن پلانٹس کی مد میں واسا اب 14 کروڑ روپے بجلی کے بل ادا کرتا ہے۔

واسا ذرائع کا کہنا ہے کہ تین مرلہ کے گھروں کو پانی کے بلوں میں ابھی 368 روپے سبسڈی دی جارہی ہے۔پانچ مرلہ والے گھروں کو پانی کے بلوں میں 438 روپےسبسڈی دی جارہی ہے۔

واسا کی جانب سے بلوں میں حالیہ اضافے کیخلاف جماعت اسلامی نے احتجاج کا عندیہ دیدیا ہے جبکہ جماعت اسلامی کی مقامی قیادت احتجاج کیساتھ ساتھ ہائیکورٹ میں رٹ بھی دائر کرے گی۔ دوسری جانب راولپنڈی کی تاجر تنظیموں، ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن نے بھی واسا کے بلوں میں اضافے کو مسترد کردیا ہے۔

مصنف کے بارے میں